خبرنامہ

وزیر داخلہ آج وطن واپس پہنچیں گے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان دورہ برطانیہ سے وطن پہنچنے کے بعدکل جمعرات کو باقاعدہ طور پر دفتری امور سر انجام دینگے ، وہ وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات بھی کرینگے جس دوران وہ وزیر اعظم کو اپنے دورہ برطانیہ کی تفصیلات اور اپنے علاج و صحت سے متعلق آگاہ کرینگے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان برطانیہ کے 17روزہ سرکاری ونجی دورے کے بعد بدھ کی صبح وطن واپس پہنچے۔ وہ کل وزارت میں دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور دفتری امور سر انجام دینگے۔ سیکرٹری داخلہ کی طرف سے چوہدری نثار کو وزارت کے اہم امور پر بریفنگ دی جائے گی اور وزیر داخلہ کی غیر موجودگی میں ہونے والے فیصلوں کی ان سے باضابطہ منظوری بھی لی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار وزیر اعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کرینگے جس میں وہ وزیر اعظم کو برطانوی وزیر اعظم تھریسامے ،وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ بورس جانسن ، سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے ہونیو الی ملاقاتوں کی تفصیلات پر بریفنگ دینگے۔ چوہدری نثار وزیر اعظم کو اپنی صحت اور برطانیہ میں ہونے والے علاج سے متعلق بھی آگاہ کرینگے۔