خبرنامہ

وزیر داخلہ چوہدری نثار سے سعودی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی الگ الگ ملاقاتیں

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے سعودی سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی اور برطانوی ہائی کمشنر نے الگ الگ ملاقاتیں کی،ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور ، سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں جاری تعاون ، خطے اور عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں پر بات چیت کی گئی ۔جمعرات کو ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے سعودی سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، سیکیورٹی سمیت مختلف امور میں جاری تعاون اور خطے اور عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں پر بات چیت کی گئی،ملاقات میں 2011میں کراچی میں سعودی سفارت کار کے قتل کیس کی تفتیش پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پروزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سعودی سفارتکار کے قتل میں ملوث عناصر کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، حکومت پاکستان اور عوام سعودی عرب سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ان دیرینہ تعلقات میں مزید وسعت کے خواہاں ہیں۔قبل ازیں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے برطانوی ہائی کمشنر نے بھی ملاقات کی، ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور مختلف امور میں جاری دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔