خبرنامہ

وزیر داخلہ کا تھانہ کراچی کمپنی کے اہلکاروں کی جانب سے دو لڑکوں پر تشدد کا نوٹس

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے تھانہ کراچی کمپنی کے اہلکاروں کی جانب سے پندرہ سال کے دو لڑکوں پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی جبکہ وزیر داخلہ کے حکم پر ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو معطل کر دیاگیا۔ بدھ کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گراچی کمپنی تھانے کے اہلکاروں کی جانب سے دو نوجوان لڑکوں کو آوارہ گردی کے الزام میں رات بھر حوالات میں رکھنے اور ان پر تشدد کی خبر کا سخت نوٹس لیا ہے۔ وزیر داخلہ نے سینئر پولیس حکام سے واقعے کی فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر داخلہ کے حکم پر متعلقہ ایس ایچ او اور اے ایس آئی کو معطل کر دیا گیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ نے دو لڑکوں پر پولیس کی جانب سے تشدد پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی شریف شہری کے ساتھ پولیس اہلکاروں کا ایسا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔