خبرنامہ

وزیر دفاع کی ماسکومیں روسی فیڈریشن کے وزیر صنعت و تجارت ڈینس منتوروف سے ملاقات

وزیر دفاع کی ماسکو

وزیر دفاع کی ماسکومیں روسی فیڈریشن کے وزیر صنعت و تجارت ڈینس منتوروف سے ملاقات

راولپنڈی:(ملت آن لائن) وزیر دفاع خرم دستگیر نے ماسکومیں روسی فیڈریشن کے وزیر صنعت و تجارت ڈینس منتوروف سے ملاقات کی، دونوں وزراء پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت کے اقتصادی‘سائنسی اور ٹیکنیکل تعاون کے شریک چیئرپرسنز ہیں۔ اس موقع پر روس میں پاکستان کے سفیر خلیل اللہ قاضی بھی موجود تھے۔ وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء سے پاکستان اور روس کے دو طرفہ تعلقات میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے جو دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے مشترکہ وژن کے تحت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس میں مزیداضافہ کی بڑی گنجائش ہے۔ روسی وزیر ڈینس منتو روف نے کہا کہ بین الحکومتی کمیشن سے اعلی سطحی اجلاسوں اور ملاقاتوں کے اچھے مواقع ملتے ہیں۔ انہوں نے روس اور پاکستان کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس تعاون سے خطہ میں امن واستحکام کے فروغ میں مدد ملے گا۔ دونوں وزراء نے کہا کہ نومبر 2017ء میں ماسکو میں ہونے والے بین الحکومتی کمیشن کے پانچویں اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد میں پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں اطراف میں تجارت‘ توانائی‘دفاع‘سائنس و ٹیکنالوجی ‘ زراعت‘ تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ دونوں ملکوں نے شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبہ پر عملدرآمد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، اس منصوبہ پر اسلام آبادمیں بین الحکومتی کمیشن کے اکتوبر 2015 ء میں ہونے والے اجلاس میں دستخط ہوئے تھے۔ روسی وزیر ڈینس منتو روف نے خرم دستگیر خان کو یقین دلایا کہ اس پراجیکٹ پر عملدرآمد تیز کرنے کے سلسلہ میں جلد ہی روسی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔