اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمن سے واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے واپڈا یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں ملاقات کی۔ جمعہ کو ہونے والی ملا قات کے دوران چیئرمین واپڈ انے بجلی اور توانائی سے متعلقہ تعلیم کیلئے واپڈا یونیورسٹی کے قیام کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کیلئے اعلیٰ تربیت یافتہ انسانی وسائل کی اشد ضرورت ہے اور بدقسمتی سے اس مخصوص قسم کے اہم ترین ادارہ کیلئے مارکیٹ مطلوبہ صلاحیت کے حامل افراد فراہم کرنے سے قاصر ہے لہٰذا یہی وہ وقت ہے کہ ایک ایسا ادارہ قائم کیا جائے جس میں صرف بجلی، توانائی اور توانائی سے متعلقہ امور بارے تعلیم دی جائے۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر جبار نے اس ضمن میں جامع بنیادی موضوعاتی پیپرز کا مسودہ بنایا ہے۔ وزیر مملکت برائے تعلیم نے اس تجویز کو سراہا اور کہا کہ حکومت ایسی شروعات کیلئے مکمل تعاون کرے گی جس سے پاکستان کے مستقبل کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں جرمن ماڈل (اے بی بی جرمنی) پر بھی غور کرناچاہئے۔ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے بھی اپنی تجاویز پیش کیں اور کہا کہ ہمیں واپڈا کو پاکستان کی انجینئرنگ یونیورسٹیز کے ساتھ منسلک کر دینا چاہئے تاکہ وہ طلب کے مطابق اکٹھے مل کر تیزی سے کام کر سکیں کیونکہ ایسا کرنابہت اہم ہے۔ ملا قات کے دوران طے پایا کہ واپڈا کی ٹیم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مابین آئندہ ہفتہ تجویز کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال ہو گا تاکہ اس منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ ملا قات کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر اللہ بخش ملک، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار، چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو انجینئر و ڈاکٹر رانا جبار خان اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
خبرنامہ
وزیر مملکت محمد بلیغ الرحمن سے چیئرمین واپڈا مزمل حسین کی ملاقات
