اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ کی عوام کے لئے کئی منصوبوں کا آغاز کیا‘ تمام فریقوں کے اتفاق رائے سے کراچی میں امن کے لئے اقدامات کئے‘ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے‘ ایم نائن موٹر وے منصوبے سے سندھ کے عوام کو سہولت ملے گی‘ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرلیا گیا ہے۔ جمعہ کو گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے شہری و دیہی علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے سندھ کی عوام کے لئے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے صوبے میں توانائی کے بنیادی ڈھانچے‘ سماجی شعبے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ تمام فریقوں کے اتفاق رائے سے کراچی میں امن کے لئے اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ وفاقی حکومت صوبے میں توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ پورٹ قاسم‘ اینگرو‘ تھر‘ جمپیر میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔ تھر میں کوئلے کی کان کنی کا منصوبہ بھی لگایا گیا ۔گزشتہ ہفتے کراچی حیدر آباد موٹر وے کے تکمیل شدہ حصے کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایم نائن موٹر وے منصوبے سے سندھ کے عوام کو سہولت ملے گی ۔کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرلیا گیا ہے۔ گرین لائن ماس ٹرانزٹ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ وفاقی حکومت کے لیاری ایکسپریس منصوبے کو بھی مکمل تعاون فراہم کررہی ہے۔ ترقیاتی اقدامات پر عمل درآمد کے لئے گورنر سندھ اپنا موثر کردار ادا کریں۔ گورنر سندھ نے اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ (ن غ)
خبرنامہ
وفاقی حکومت نے سندھ کی عوام کے لئے کئی منصوبوں کا آغاز کیا:وزیر اعظم
