اسلام آباد (ملت + آئی این پی) حکومت نے گیس کی قیمت نہ بڑھانے اورموجودہ قیمت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے گیس کی موجودہ قمیتوں کو برقرار رکھنے کے لیے اوگرا کو آگاہ کردیا ہے، اوگرا نے گیس کی قیمت 36 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی۔ پیر کو وزات پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جا نب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق وزات پٹرولیم و قدرتی وسائل نے گیس کی قیمتو ں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے گیس کی موجودہ قمیتوں کو برقرار رکھنے کے لیے اوگرا کو آگاہ کردیا ہے۔اوگرا نے 6اکتوبر 2016کو دونوں گیس یوٹلٹی کمپنیز کے حوالے سے مالی سال 2016-17کے لئے اخراجات کے تخمینے کا فیصلہ جاری کیا ۔ اس بنیاد پر اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سفارشات کیں تھیں۔ واضح رہے کہ اوگرا حکام کی جانب سے وزیراعظم اور دیگر متعلقہ وزارتوں کو لکھے گئے خط میں کہا گیاتھا کہ کمپنیوں کی مالی ضرورت پوری کرنے کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ قانونی طور پر لازم ہوچکا ہے۔ حکومت کے زبانی احکامات پر گیس کی قیمت میں اضافہ روکا نہیں جاسکتا، حکومتی تجویز نہ آنے پر 15 نومبر سے گیس کا نرخ بڑھائے جاسکتے ہیں۔اس سے قبل 9 اکتوبر 2016 کو اوگرا نے گیس کی قیمت میں 36 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی جس کے بعد یہ خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ گیس کمپنیاں صارفین سے رواں مالی سال کے دوران 341 ارب روپے سے زائد وصول کریں گی۔اس وقت اوگرا نے وفاقی حکومت سے تجویز طلب کی تھی کہ گھریلو اور دیگر صارفین پر گیس کے نرخوں میں اضافے کی شرح کس حد تک منتقل کی جائے، اور کیا حکومت کسی شعبے کو بلا واسطہ سبسڈی دینا چاہتی ہے یا بلا واسطہ سبسڈی فراہم کرنا چاہتی ہے۔
خبرنامہ
وفاقی حکومت کا گیس کی قیمت نہ بڑھانے کا فیصلہ
