خبرنامہ

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری کا اسلامی نظریاتی کونسل کا دورہ

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کے ترجمان مولانا محمد حنیف جالندھری نے اسلامی نظریاتی کونسل کا دورہ کیا اور کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز سے ملاقات کی۔ مولانا جالندھری نے دینی مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال پر چیئرمین کونسل کو بریفنگ دی اور زیر بحث امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ مولانا جالندھری اور کونسل کے چیئرمین کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کونسل کو زیادہ موثر بنانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں عنقریب صدر پاکستان عارف علوی سے ملاقات کے لئے وقت طے کیا جائے گا۔ مولانا جالندھری نے دینی جامعات اور ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان علمی اور انتظامی تعاون کے بارے میں بھی چیئرمین کونسل سے تبالہ خیال کیا اور ڈاکٹر قبلہ ایاز نے یقین دلایا کہ وہ بہت جلد ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری سے دینی مدارس کے وفاقوں کے سربراہان سے ملاقات کا انتظام کریں گے۔ اس بات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں جید علماء کرام کے ساتھ ملاقاتوں اور سمینارز کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ مضبوط اور بہتر عائلی نظام کے قیام میں ان کے عوامی اثر و رسوخ سے استفادہ کیا جا سکے، بالخصوص طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحان اور عورتوں کو جائیداد اور میراث کے حق سے محروم کرنے کے عمل کے انسداد کے لئے علماء کرام کی خدمات لی جائیں گی۔