خبرنامہ

ٹرین حادثہ: جاں بحق افراد کے لواحقین کو 15 اور زخمیوں کو ساڑھے 3 لاکھ امداد کا اعلان

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کراچی میں پیش آنے والے حادثہ میں ہونے والے جانی نقصان پرا فسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم متوفیان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ کچھ غیر ذمہ داراہلکاران کی غفلت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔ جائے حادثہ پر آپریشن مکمل ہونے کے قریب ہے۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر ریلوے نے حادثہ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریڈ سگنل پر رکنے کی بجائے ذکریا ایکسپریس کے ڈرائیور نے پہلے سے کھڑی فرید ایکسپریس کو ہٹ کیااور ڈرائیور و اسسٹنٹ ڈرائیور ابھی تک لاپتہ ہیں، ڈرائیور تجربہ کار تھا تویلو اور ریڈ سگنل کیوں نظر انداز کیے گئے، جلد معلوم ہوجائے گا۔مزید براں حادثہ کی ابتدائی تحقیقات 72گھنٹے اور تفصیلی 8یوم میں مکمل کر لی جائیں گی اور یکطرفہ ریلوے ٹریک جلد کلیئر کر دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ سانحہ کراچی ٹرین حادثہ سے شہر رنج و الم میں ڈوب گیا ہے اور انسانی جانوں کے ضیاع کی تلافی ممکن نہیں ۔ جاں بحق کے لواحقین کو پندرہ (15)لاکھ روپے اور زخمیوں کو ساڑھے تین لاکھ فی کس اداکئے جائیں گے اور ٹرین حادثہ کے ذمہ دار قانون کے کٹہرے میں لائے جائیں گے۔ وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ پچھلے حادثہ کے ذمہ دارتمام افراد معطل ہیں اور قانون کا سامنا کر رہے ہیں۔