خبرنامہ

پارلیمان اور موجودہ حکومت اقدار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، ایاز صادق

پارلیمان اور موجودہ

پارلیمان اور موجودہ حکومت اقدار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، ایاز صادق

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے یوم پاکستان کے پروقار موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن برصغیر کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ سپیکر نے قوم کے نا م اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ 78 سال قبل آج کے دن جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کا عہد کیا اور قرارداد لاہور منظور کی جسے بعد میں قرارداد پاکستان کا نام دیا گیا۔ اس قرارداد نے مسلمانوں کو نئی سمت اور سوچ دی اور تحریک آزادی کو نیا جوش اور ولولہ بخشا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اسلام کے امن و برداشت اور انسانیت سے محبت کے اصول کو اپنا شعار بنایا جس سے نہ صرف مسلمانان ہند بلکہ برصغیر میں رہنے والی دیگر اقلیتیں بھی متاثر ہوئیں اور مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے مطالبے کی تحریک میں شامل ہو گئیں۔ سپیکر نے قائداعظم کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کی مدبرانہ قیادت اور مقصد کے حصول سے سچی لگن کا کمال تھا کہ قرارداد پاکستان کی منظوری کے صرف سات سال کے قلیل عرصہ میں مسلمان ایک پرامن جدوجہد کے ذریعے تمام تر مشکلات و مصائب کے باوجود اپنے لیے ایک علیحدہ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا دن ہے کہ آج کے دن ہمیں بحیثیت مجموعی آپس کے اختلافات کو بھلا کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ملی اتحاد اور قائد کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو اپنانے کا عہد کرنا ہوگا۔ قائم مقام سپیکر مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ اس قرارداد نے آزادی کی تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی اور مسلمانوں کو ایک مقصد عظیم کے حصول کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا۔ دونوں قائدین نے یقین دلایا کہ پارلیمان اور موجودہ حکومت اس مملکت خداداد کی تہذیب، ثقافتی ورثے اور اقدار کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان کی روشنی میں ہی ملک میں معاشی اور سماجی انقلاب لانے کی بھرپور کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔