پاناما کیس، نوازشریف کو جیل نہیں جائیں گے، نبیل گبول
کراچی:(ملت آن لائن) سینئر سیاستدان اور پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ اپریل کے آخر میں آسکتا ہے، جس میں پورا شریف خاندان نااہل ہوگا تاہم نوازشریف جیل نہیں جائیں گے بلکہ جاتی امرا کو سب جیل قرار دیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نوازشریف اور شہباز شریف کو بچانے کے لیے نیب قوانین میں تبدیلی کی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ نبیل گبول نے اپنا خیال ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس اکثریت ہے اس لیے ممکنہ طور پر وہ نیب قوانین میں تبدیلی کا بل اسمبلی سے کسی بھی وقت منظور کروا کے اسے قانون کا حصہ بنادے گی۔
سینئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے میں موجود کرپٹ لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے، اگر عدالت سے نوازشریف کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ آگیا تو اُس کے بعد شریف خاندان کے لیے بہت سی مشکلات کھڑی ہوجائیں گی۔ نیبل گبول کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سب کا احتساب ہونے جارہا ہے اور یہ تاثر ختم ہوجائے گا کہ فلاں شخص صادق اور امین ہے یا نہیں، اس ضمن میں جون جولائی کا مہینہ بہت اہم ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ بارش اور سیلاب کے دنوں میں ملک میں انتخابات ہوسکتے ہیں۔
پی پی رہنماء کا کہنا تھا کہ احتساب ریفرنسس کا فیصلہ اپریل کے آخر میں آسکتا ہے، اس مقدمے میں نوازشریف جیل نہیں جائیں گے بلکہ میرے حساب سے اُن کی رہائش گاہ جاتی امرا کو ہی سب جیل قرار دیا جائے گا اور پاناما کیس کے تفصیلی فیصلے میں سارے خاندان کو نااہل قرار دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شریف خاندان کے خلاف نیب عدالتوں میں احتساب ریفرنسس جاری ہیں، نوازشریف نے گذشتہ دنوں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ آخر کیوں اڈیالہ جیل کی صفائی اور مرمت کی جارہی ہے، کیا وہاں کی انتظامیہ کو پہلے سے کسی مہمان کے آنے کا علم ہوگیا۔