اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں اس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ آئندہ برس ٰآذربائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید اضافہ کیلئے مختلف شعبوں میں کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔گذشتہ روز یہاں آذربائیجان کی آزادی کی 25 ویں سالگرہ اور پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورسز پر آذربائیجان کے ساتھ قریبی طور کام کررہا ہے اور کشمیر سے متعلق رابطہ گروپ پر آذربائیجان کے کردار کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تجارت سمیت مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو مضبوط بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک انرجی پراجیکٹس سمیت مختلف منصوبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں اضافہ کی حوصلہ افزائی کریں گے اور آذربائیجان سمیت خطہ کے ساتھ اپنے روابط میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے تاجروں اور سیاحوں کیلئے ویزہ نظام کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اپنے خوبصورت تفریحی مقامات کی سیاحت کیلئے آذربائیجان کے سیاحوں کا خیرمقدم کرے گا۔ انہوں نے 2005 ء کے زلزلہ سانحہ اور سیلاب زدہ لوگوں کی مدد کیلئے آذربائیجان کی گرانقدر امداد کی تعریف کی، اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک مشترکہ مذہبی، تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے نگورنوکاراباخ کے علاقے پر آرمینیا کی جارحیت کے خلاف آذربائیجان کے موقف کی حمایت پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمینیا کو نہ تسلیم کرنے پر ہم پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں پاکستان کے وزراء کے دورہ آذربائیجان کو بھی سراہا اورکہا کہ ہم دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں سفیر نے کہا کہ آذربائیجان تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
خبرنامہ
پاکستان، آذربائیجان: اپنے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں
