خبرنامہ

پاکستانی دارالحکومت میں سی پیک بزنس ٹاور تعمیر کیا جائے گا: احسن اقبال

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان نے اسلام آباد میں ’’سی پیک ٹاور‘‘ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ دارالحکومتی شہر میں بلند ترین عمارت ہو گی اور تمام محاذوں پر پاکستان کی طرف سے کی جانے والی سماجی اقتصادی پیشرفت کی علامت ہو گا ۔ پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی ، ترقیات و اصلاحات احسن اقبال نے جو کہ سی پیک کے انچار ج بھی ہیں کہاکہ یہ آئیکونک ٹاور سرمایہ کاروں کو راغب کرے گا اور پاکستان ۔ چین دوستی کی علامت کا کام دے گا ، یہ فیصلہ پیر کو اسلام آباد میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا ، اجلاس میں منصوبہ بندی اور دیگر وزارتوں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی ۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ چین اور دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ بلند ترین عمارت ،سرمایہ کاری ، سائنس و ٹیکنالوجی ، تحقیق و ترقی ،فنانس و ثقافت پر فروغ پانے والے پائیدار اور متحرک شہر کے طورپر اسلام آباد کے فروغ کا تصور دینے میں مدد دے گی ۔ وزیر ترقیات کے حوالے سے ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کہ سی پیک ٹاور شاہکار ہوٹل ، آفس جگہوں ، تجارتی جگہوں اور جدید سہولتوں سے لیس ہونا چاہئے ۔