پاکستان اورترکی کا تعاون کومزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ؛ رانا تنویر
اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان اورترکی نے دفاعی صنعت میں تعلقات ، تعاون اور اشتراک کار کومزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ رابطوں کووسعت دینے ، دفاعی تعاون کی استعداد سے بھرپوراستفادہ اورنئے منصوبوں کی نشاندہی سے اتفاق ظاہرکیا ہے۔یہ اتفاق رائے وفاقی وزیردفاعی پیداوارراناتنویرحسین اور ترکی کے وزیربرائے قومی دفاع نوریتن کانیکلی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا ۔ملاقات میں دونوں وزرائے دفاع نے دوطرفہ تعاون بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان دفاعی پیداوارکے شعبے میں منصوبوں کا جامع انداز میں جائزہ لیا۔پاکستان اورترکی کے درمیان بڑھتے تعلقات پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے دونوں وزراء نے دفاعی صنعت میں تعلقات اورتعاون کومزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے تحت دوطرفہ تعاون کی سطح پائیداراندازمیں بڑھ رہی ہے۔ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ رابطوں کووسعت دینے ، دفاعی تعاون کی استعداد سے بھرپوراستفادہ کرنے اورنئے منصوبوں کی نشاندہی سے اتفاق ظاہرکیا۔ راناتنویرحسین نے کہاکہ دونوں برادراوردوست ممالک کی دفاعی صنعت میں بہت استعداد اورمہارت موجودہیں اورقریبی تعاون سے ان شعبوں سے مکمل استفادہ کے ثمرات ملیں گے۔انہوں نے اس امیدکااظہارکیاکہ دونوں ممالک دفاعی پیدوارکے شعبوں میں مزیدامکانات اورمشترکہ منصوبے شروع کریں گے۔ترکی کے وزیربرائے قومی دفاع نے کہاکہ پاکستان اورترکی بھائی ہیں اوردونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی جڑیں تاریخ میں جڑی ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات تمام سطح پر ہیں۔انہوں نے دورحاضر کے چیلینجزسے نمٹنے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول کیلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پرزوردیا۔ ترکی میں پاکستان کے سفیرمحمدسجادقاضی اورکراچی شپ یارڈ اینڈانجنئیرنگ ورکس کے منیجنگ ڈائریکٹررئیرایڈمرل سید حسن ناصرشاہ نے مذاکرات میں وفاقی وزیرکی معاونت کی جبکہ ترکی کی دفاعی صنعت سے وابستہ عہدیداربھی اس موقع پر موجود تھے۔قبل ازیں ترکی کی قومی وزارت دفاع آمد پر وفاقی وزیرکو ترکی کی مسلح افواج کے ایک چاک وچوبند دستے نے سلامی دی۔
خبرنامہ
پاکستان اورترکی کا تعاون کومزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ؛ رانا تنویر
