خبرنامہ

پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت برداشت نہیں کرے گا،جعفر اقبال

اسلام آباد ۔03 فروری (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں بھارت کی مداخلت برداشت نہیں کرے گا ۔ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو بلیک میل نہیں کر سکتا ۔پراپیگنڈوں سے کامیابی کی امید کرنا اس کی غلط فہمی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ سوات، وزیرستان ،بلوچستان اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں دہشگردوں کے خلاف کارروائی ، کسی کو گرفتاری اور تفتیش پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ حکومت پاکستان اپنی پالیسیاں خود بناتی اور اس پر عملدرآمد کرتی ہے ۔بھارت کے منہ پر اندرونی مداخلت جچتی نہیں کیونکہ وہ خود اندرونی انتہا پسندی، اقلیتوں سے ناروا سلوک اور غربت میں جکڑا ہوا ملک ہے جبکہ اس کے وزیراعظم مودی کا کیریئر ہی انتہا پسندی اور شدت پسندی سے منسلک ہے۔ چوہدری جعفر اقبال نے کہا بھارت چین اور روس سے تعلقات کا خواہاں تھا تاہم دونوں ممالک نے اسے گھاس نہیں ڈالی جبکہ پاکستان سے چین اور روس کے تعلقات بہتر سے بہتر ہوتے جا رہے ہیں دوسری جانب ایران بھی روس چین پاکستان سہ فریقی ورکنگ گروپ میں شمولیت کا عندیہ دے چکا ہے اور یہ باتیں بھارت پرداشت نہیں کرپا رہا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت جو کچھ بھی کر لے اس کے ہتھکنڈے اس کے کام آنے والے نہیں ۔