خبرنامہ

پاکستان حکومت اپنے ہمسایوں، امت مسلمہ اور دنیا دیگر کے ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے،وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کا ایرانی خبر رساں ادارے ’’ارنا‘‘ کوانٹرویو

اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو تقویت دینے کیلئے پرعزم ہے، پاک۔ایران دوستی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، یہ رشتہ دائمی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو گا۔ انہوں نے یہ بات ایرانی خبر رساں ادارے ’’ارنا‘‘ کو پیر کو ایک انٹرویو میں کہی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران دنیا میں پہلا ملک تھا جس نے 1947ء میں قیام پاکستان کے بعد اسے تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دکھ اور سکھ میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اپنے ہمسایوں، امت مسلمہ اور دنیا دیگر کے ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہے اور ایران کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو اس سطح پر لے جانا چاہتے ہیں جہاں یہ دنیا کے دیگر ممالک کیلئے ایک نظیر بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کا منصب سنبھالنے کے بعد انہوں نے تفتان میں پاک۔ایران سرحد کا دورہ کیا تاکہ ایران جانے والے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سکیورٹی کا جائزہ لیا جا سکے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ انہوں نے ایرانی حکومت سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ جب کبھی آئندہ تفتان آئیں گے تو زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے جائزہ کیلئے سرحد کی ایرانی جانب کا بھی دورہ کرنا چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، حکومت کی طرف سے سخت حفاظتی اقدامات کی بدولت محرم الحرام کے ابتدائی 10 ایام پرامن رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی داخلی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، محرم الحرام کا مہینہ دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے مقدس ہے، یہ مہینہ ہمیں جرأت و بہادری، قربانی اور خلوص کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم کے سامنے سر نہ جھکانا حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی بعض قوتیں سازش کے ذریعے مسلم دنیا میں غلط فہمی اور بے چینی پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں، وہ مسلم دنیا پر غلبہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ایرانی شہر اھواز میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا ایک بڑا نشانہ ہے لہٰذا ہم اس دکھ کو محسوس کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اور پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف عزم مزید مضبوط ہو گا۔