خبرنامہ

پاکستان خطے میں اسلحہ کی دوڑ کے خلاف ہے: وزیراعظم

کراچی:(،ملت+اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں اسلحہ کی دوڑ کے خلاف ہے تاہم وہ ’’اسلحہ برائے امن‘‘ کے نصب العین کی پیروی جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں چار روزہ 9 ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار (آئیڈیاز 2016ء) کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسلحہ کی دوڑ کی حوصلہ شکنی کرنے اور امن کے لئے آلات حرب کے نصب العین کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی پیداوار میں خودکفالت حاصل کی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے آئیڈیاز 2016ء کا ذکر کیا جس میں مقامی اور غیر ملکی ٹیکنالوجیز کا مشترکہ مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں 2000 سے زائد اسلحہ نظام اور سازوسامان پیش کئے جانا تحقیق و ترقی کی مدد سے دفاعی پیداوار میں ملک کے سرکاری اور نجی شعبہ کی وسیع البنیاد شرکت کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی دفاعی مصنوعات جدید ترین ہیں اور ہماری مسلح افواج نے انہیں پوری طرح آزمایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دفاعی مصنوعات نے دنیا کے کئی ممالک پر اپنا نقش چھوڑا ہے تاہم نئی منڈیوں کی تلاش اور مزید فروغ کے لئے ابھی بھی بہت سارے مواقع دستیاب ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معیاری دفاعی مصنوعات کا تیزی سے ابھرتا ہوا تیار کنندہ ہے۔ آج کے پاکستان کا عزم پہلے سے کہیں زیادہ تابناک اور حوصلہ افزاء ہے۔ وزیراعظم نے غیر ملکی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ دفاعی پیداوار کے میدان میں پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کو وسعت دیں۔ انہوں نے علاقائی امن کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بالعموم دنیا اور بالخصوص اپنے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے کوشاں رہیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال کے ساتھ ساتھ پرکشش مواقع کی بدولت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے ماحول نہایت حوصلہ افزاء ہے جبکہ بجلی کے منصوبہ جات بھی بروقت مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے آئیڈیاز 2016ء کے موقع پر کانفرنسز کا انعقاد کرنے پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان سے باہمی فوائد کے لئے ٹیکنالوجیز کے تبادلے اور خریداروں اور فروخت کنندگان کو اکٹھا کرنے میں سہولت ہوگی جو ملک کی دفاعی نمائشوں کے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں دفاعی صنعت سمیت مختلف شعبوں میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ بین الاقوامی ادارے اور معاشی جرائد پاکستان کی اقتصادی شعبہ میں کامیابیوں اور ترقی کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں افراط زر میں تاریخی کمی اور شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت سماجی شعبہ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پایا جا رہا ہے اور توانائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 100 فیصد ملکیتی حقوق حاصل ہیں۔ بعد ازاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے آئیڈیاز 2016ء نمائش کے مختلف سٹالوں کا بھی دورہ کیا جہاں مقامی طور پر تیار کردہ اہم دفاعی مصنوعات نمائش کے لئے رکھی گئی ہیں جن میں جنگی ٹینک الخالد، جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق اور K-8 طیارے، فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل بوٹس، بکتر بند گاڑیاں اور عسکری سازوسامان شامل ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ترکی، چین، روس، شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپ اور ایشیاء کے ممالک کی دفاعی صنعتوں کی اس نمائش میں نمایاں طور پر موجودگی پائی جاتی ہے جبکہ بیلارس، پولینڈ، جمہوریہ چیک، بیلجیم، لکسمبرگ، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، رومانیہ اور نائجیریا سمیت 9 مزید ممالک اس مرتبہ آئیڈیاز 2016ء میں شرکت کر رہے ہیں۔ 34 ممالک اور مجموعی طور پر 418 کمپنیاں اس نمائش میں شریک ہیں جن میں 261 غیر ملکی اور 157 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔ یہ نمائش 25 نومبر تک جاری رہے گی۔ تقریب سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے بھی خطاب کیا۔