پاکستان دنیا کی بڑی مارکیٹ میں تبدیل ہو رہا ہے، راناافضل خان
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کے لئے بڑی سرمایہ کاریوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گوادر بندرگاہ اور پاک چین اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبوں کی بدولت دنیا کی بڑی مارکیٹ میں تبدیل ہو رہا ہے۔ سرمایہ کار ان مواقع سے بھرپور طریقے سے استفادہ کریں۔ وہ منگل کو یہاں پاکستان کیپیٹل انوسٹمنٹ سمٹ اینڈ ایکسپو 2018ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر مملکت نے تین روزہ نمائش کا افتتاح کیا جس کا مقصد مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینا ہے۔ کانفرنس کا اہتمام سرمایہ کاری بورڈ، وزارت خزانہ اور وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نے کیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018ء کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران پاکستان سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مقام بن چکا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 2013ء میں برسراقتدار آنے کے بعد چار بڑے چیلنجز کو ترجیحی بنیادوں پر لیا۔ ان چیلنجز میں انتہاء پسندی، توانائی، معیشت اور تعلیم شامل ہیں، پر قابو پانے کے سلسلے میں شاندار کامیابی دکھائی ہے۔ رانا محمد افضل نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی پر موثر طریقے سے قابو پایا ہے جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ بھی تقریباً ختم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کو توانائی کی بلا تعطل فراہمی کی جا رہی ہے جس سے ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے پاس زرمبادلہ کے کافی ذخائر ہیں جبکہ معاشی لحاظ سے اس کی درجہ بندی مسلسل بہتر ہو رہی ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے قبل ملکی معیشت کی شرح نمو گزشتہ 10 سالوں میں تین فیصد کی شرح سے بڑھ رہی تھی لیکن گزشتہ تین سالوں کے دوران یہ شرح 5 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ٹیکس محصولات بڑھ کر گزشتہ چار سالوں کے دوران دو گنا ہو گئی ہیں، صوبوں کو فنڈز کی منتقلی دو گنا بڑھائی گئی ہے جبکہ ترقیاتی فنڈز تین گنا کر دیئے گئے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے پاکستان کی انفراسٹرکچر کی ضروریات پوری ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قوانین غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں اور ان کا موازنہ دنیا کے کسی بھی ملک کے قوانین سے کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو مکمل قانونی تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے بڑی سرمایہ کاریوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان گوادر بندرگاہ اور سی پیک کی بدولت دنیا کی بڑی مارکیٹ میں تبدیل ہو رہا ہے اور یہ سرمایہ کاروں کے لئے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔