خبرنامہ

پاکستان مسلم لیگ ن نے ٹکٹ جاری کردیئے: خواجہ محمد آصف

سیالکوٹ۔8 نومبر(ملت + اے پی پی) بلدیاتی انتخابات تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں ،اس سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ضلع کونسل سیالکوٹ کے کسان ، یوتھ اور اقلیتی ممبر کیلئے اپنے امیدواروں کو ٹکٹس جاری کردیئے ہیں،پارٹی کے فیصلوں پر100فیصد عملدرآمد سے ہی پارٹی مضبوط ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر دفاع ، پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے وزیر آباد روڈ پر نجی ہوٹل میں تحصیل سیالکوٹ کے منتخب یوسی چیئرمینوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کا جو مقام ہے وہ پارٹی کے ساتھ بے لوث وفاداری اور فیصلوں کے احترام کا نتیجہ ہے، مجھے یقین ہے کہ مسلم لیگ ن کے عہدیداران اور ورکرز پارٹی امیداواروں کی بھرپور حمایت کریں گے اور ان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروا ئیں گے۔ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ارمغان سبحانی، طارق سبحانی، رانا اقبال ہرناہ، رانا عبدالستار خاں، چودھری محمد اکرام، منشاء اللہ بٹ ، چودھری ارشد وڑائچ، رانا لیاقت ، محسن اشرف، رانا محمد افضل، سابق ایم پی اے چودھری محمد اخلاق، یحییٰ گلنواز اور نوید اشرف کے علاوہ امیداوار کسان سیٹ ضلع کونسل تحصیل سیالکوٹ ظفر گوندل، ا میدوار یوتھ رانا دانیال محمود خاں اور اقلیتی امیداور ڈاکٹر بینجمن نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔