خبرنامہ

پاکستان میں غلط کام کرنا انتہائی آسان ہے، نثار

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صحیح کام کرنا مشکل اور ناممکن جب کہ غلط کام کرنا انتہائی آسان ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ہم تشویش ناک صورتحال سے گزررہے ہیں، پاکستان کے شہری بیرون ملک میں دہشت گردی میں پکڑے گئے اور بدنامی پاکستان کی ہوئی، پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ غیر ملکیوں کے ہاتھ میں جارہے تھے جب کہ گزشتہ دور حکومت نے انتہائی دلیری سے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کیے جو انسانی اسمگلنگ میں استعمال ہوئے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان میں صحیح کام کرنا مشکل اور ناممکن جب کہ غلط کام کرنا انتہائی آسان ہے تاہم حکومت نے جعلی شناختی کارڈ کے معاملے پر خصوصی توجہ دی، جعلی شناختی کارڈ نادرا کے اندر سے ہی کچھ لوگوں نے بنائے لیکن نادرا میں اچھے لوگ بھی ہیں تاہم شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کے عمل کے دوران مجھ پر کافی دباؤ رہا اور اسمبلی اور میڈیا میں کافی تنقید کی گئی لیکن 6 مہینے میں یہ کام مکمل ہوگیا ہے اور ان ساڑھے تین سالوں میں ساڑھے 4 لاکھ شناختی کارڈ بلاک اور 32 ہزار سے زائد پاسپورٹ منسوخ کیے تاہم جو شناختی کارڈ غیر ضروری طور پر بلاک ہوئے ہیں ان کے کارڈ بحال ہوجائیں گے۔