خبرنامہ

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری ملک و عوام کے مفاد میں ہے، مسئلہ کشمیر پاکستان و بھارت کے درمیان دیرینہ تنازعہ ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے موقف کو بہترین انداز میں پیش کیا،وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن)وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کی آمد ملک و عوام کے مفاد میں ہے، مسئلہ کشمیر پاکستان و بھارت کے درمیان شروع سے چلا آ رہا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے موقف کو بہترین انداز میں پیش کیا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری زیادہ سے زیادہ آئے جس سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا بلکہ ملک کی معیشت بھی ترقی کرے گی، بیرونی سرمایہ کاری کی آمد ملک و عوام کے مفاد میں ہے اس حوالے سے حکومت اپنی تمام کوششیں بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے اور مذاکرات کے لئے تیار ہے جبکہ بھارت مذاکرات سے راہ فرار اختیار کر لیتا ہے، دونوں ممالک مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ حماد اظہر نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں پاکستان کی صحیح معنوں میں نمائندگی کی اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر سمیت دیگر حل طلب مسائل پر بھرپور خطاب کر کے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔