خبرنامہ

پاکستان اور چین کی مرضی کے بغیر کوئی سی پیک میں شامل نہیں ہو سکتا‘وزیراعظم

بیجنگ: (ملت آن لائن) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے خطے میں استحکام اور خوشحالی کیلئے تمام ہمسایوں سے امن کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ سی پیک میں کسی بھی اور ملک کی شمولیت کیلئے پاکستان اور چین کی رضامندی لازمی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے بیجنگ سے روانگی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ خطے میں استحکام امن سے ہی آ سکتا ہے۔ افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں کیونکہ سرحدوں پر امن ہوگا تو ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک میں کوئی بھی ملک پاکستان اور چین کے اتفاق رائے سے ہی شامل ہو سکتا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چاروں وزرائے اعلیٰ کا ان کے ساتھ آنا خوش آئند ہے۔ پاناما اور ڈان لیکس کے بعد آنے والے ’ویکس‘ ان کے ہیں۔ جس طرح پچھلے دنوں ہفتوں اور سالوں میں کام کیا، اسی طرح آنے والے دنوں ہفتوں اور سالوں میں کام کریں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں کارکردگی دکھانے والوں کو ووٹ ملیں گے۔