اسلام آباد(ملت + آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری نہ صرف پاکستان کی اقتصادی حالت کو سنوارے گی بلکہ اس منصوبہ سے پورے خطے میں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور اقتصادی حالت بہتر ہو گی۔ وہ منگل کو ایوا ن صدر میں چیئر مین سپارکو میجر جنرل قیصر انیس خرم کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔ چیئرمین سپارکو نے صدر مملکت کو اپنے ادارے میں جاری سٹیلائیٹ منصوبوں اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں اپنے ادارے کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ سپارکو سمیت تمام ادارے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے اپنااپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی معاشرتی و معاشی ترقی میں سپارکو کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ سپارکو کی فراہم کردہ معلومات سے زرعی شعبہ جات کی ترقی، آبی وسائل کی فراہمی، قدرتی آفات سے بچنے اور نمٹنے کے انتظامات کی موثر منصوبہ بندی کرنا آسا ن ہو گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سپارکو کو خلائی ٹیکنالوجی کے متعلق لوگوں میں شعود اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ صدر مملکت نے سی پیک منصوبے میں سپارکو کا خلائی مدد فراہم کرنے پر ادارے کی خدمات کو سراہا۔
خبرنامہ
پاکستان چین اقتصادی راہداری پاکستان کی اقتصادی حالت سنوارے گی
