خبرنامہ

پاکستان کی عوام بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے: برجیس

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام ایل او سی پر رہنے والے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارتی جارحیت کا جواں مردی اور بہادری سے مقابلہ کرنے پر اُنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اوڑی حملے ،نام نہاد سرجیکل سڑائیک کے ڈراموں کے بعد سخت مایوسی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے جس کا اظہاروہ ایل او سی پر سیز فائز کے معاہدے کی رو زکی بنیاد پر خلاف ورزی کر کے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ااس سے قبل 2015ء میں بھی بھارت نے 500 سے زائد مرتبہ ایل او سی کی خلاف ورزی کی اور حالیہ بھارتی جارحیت کے درجنوں واقعات سامنے آئے ہیں جس میں اب تک درجنوں شہری شہید ہو چکے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس قسم کے کی چنگاری کسی بھی بڑے تصادم کا باعث بن سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے بھارتی جارحیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کوغیر مستحکم کرنے کے ایجنڈے سے باز آجائے انہوں نے کہا کہ کل بھوشن کے بعد سفارتی عملے کا تخریب کاروائیوں میں ملوث پایا جانا بھارت کے اُس ذہن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت اُس نے پاکستان کو کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف رہا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے ثبوت عالمی برادری کو دے رہا ہے اور عالمی برادری کو بھارت کی ان تخریبی کاروائیوں کا فی الفور نوٹس لے کراس کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ یہ بھارت کی بھول ہے کہ وہ ان تخریبی کاروائیوں ،ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم لوگوں پر ظلم کرکے ہمیں اپنے اُصولی موقف سے پیچھے ہٹا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرُامن تحریک آزادی کی شمع 70 سال کے بعد اپنی بھرپور آب وتاب سے روشن ہے۔کشمیریوں کی چوتھی نسل بھارتی غاصبیت کا مقابلہ کر رہی ہے اور پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی اُس وقت تک سفارتی ،اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ جب تک اُن کو اپنا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ایل او سی پر رہنے والوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں او ر اس ضمن میں آزادحکومت ایک مربوط پلان پر عمل درآمد کر رہی ہے جس میں وفاقی حکومت اس کی بھرپور معاونت کرے گی۔