اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت اور پر اعتماد ہیں ، حکومت علم پر مبنی معیشت کے فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے ، ڈنمارک کے ساتھ اب ایک روایتی ڈونر ملک سے بڑھ کے باہمی احترام ، اقتصادی اور سماجی بہبود کی سطح پر تعلقات استوار ہو چکے ہیں،ڈنمارک سے جدید معاملات پر تحقیق اور جدت کے تجربوں سے بھی استفادہ کرنے کی ضرورت ہے گذشتہ چند سالوں میں خواتین نے زندگی کے ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ، تعلیمی ستاروں میں داخلے کی شرح ہو یا امتحانات میں کامیابی کا تناسب یا پھر پیشہ روانہ امور میں نمایاں کامیابیوں کا ذکر ہو، حتی کہ مقابلے کے امتحان میں گذشتہ کچھ سالوں سے ڈی ایم جی گروپ میں خواتین کی کامیابیوں کا تناسب مردوں کے مقابلے می زیادہ رہا۔ پیر کواسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں ڈنمارک ایمبیسی کے اہتمام ڈنمارک اور پاکستان کے درمیان پائیدار شراکت داری کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال تھے ۔ تقریب میں ڈنمارک کے سفیر سمیت سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے نمائدوں سمیت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 10 سالوں میں پاکستان میں لڑکیوں نے لڑکوں کے مقابلے میں دو گناہ زیادہ داخلہ لئے ہیں جس سے یہ واضح ہے کہ معاشرے میں عدم مساوات جیسے چیلنج پہ کام ہو رہا ہے اور لڑکیوں میں علم حاصل کرنے کا جذبہ بھی قابل دید ہے. انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت اور پر اعتماد ہیں۔ گذشتہ چند سالوں میں خواتین نے زندگی کے ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ تعلیمی ستاروں میں داخلے کی شرح ہو یا امتحانات میں کامیابی کا تناسب یا پھر پیشہ روانہ امور میں نمایاں کامیابیوں کا ذکر ہو، حتی کہ مقابلے کے امتحان میں گذشتہ کچھ سالوں سے ڈی ایم جی گروپ میں خواتین کی کامیابیوں کا تناسب مردوں کے مقابلے می زیادہ رہا۔ ہمارے ملک کی خواتین نے ثابت کیا کہ وہ تعلیمی اور انتظامی امور میں کہیں زیادہ آگے بڑھنے کی صلاحیتوں سے مالامال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دور علم پر مبنی معیشت کا دور ہے اور حکومت علم پر مبنی معیشت کے فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا آج کی دنیا مقابلے اور ٹیکنالوجی کی دنیا ہے، علم سیکھنے کے اسلوب میں ٹیکنالوجی کا استعمال بنیادی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی اور مسابقت اختیار کرنا مشکل ہوچکا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ڈنمارک کے ساتھ اب ایک روایتی ڈونر ملک سے بڑھ کے باہمی احترام ، اقتصادی اور سماجی بہبود کی سطح پر تعلقات استوار ہو چکے ہیں۔ ڈنمارک دنیا میں خوش ترین ممالک کی فہرست میں اول نمبر پر ہے اور ہمیں بھی چاہیے کہ ہم ڈنمارک سے نشوونما، سماجی ہم آہنگی اور معاشرے میں رواداری و توازن سے متعلق اس کے تجربے سے سبق حاصل کریں۔ اسی طرح ڈنمارک سے جدید معاملات پر تحقیق اور جدت کے تجربوں سے بھی استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے اور ڈنمارک دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور ٹیکنالوجی کے منصبوں پر تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔(و خ)
خبرنامہ
پاکستان کی خواتین باصلاحیت اور پر اعتماد ہیں
