خبرنامہ

پاکستان کی عالمی تنہائی کی باتیں بے بنیاد ہیں‘ ملیحہ لودھی

نیو یارک (ملت+آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت چاہتا ہے کہ کسی بھی طرح سے اقوام متحدہ کی توجہ مسئلہ کشمیر اور کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم سے ہٹائی جا سکے مگر ہم ایسا نہیں ہونے دینگے ‘ پاکستان کے عالمی تنہائی کا شکار ہونے کی باتیں بالکل غلط اور بے بنیاد ہیں ۔ جمعہ کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا کرنے کا مقصد بھارت کا دنیا کی توجہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم سے ہٹانا ہے۔ ہماری سفارتی کیمپئین کا مقصد یہی ہے کہ دنیا کی توجہ اس مسئلہ کی طرف مبذول کروائی جائے ۔ دوسرا مہم بھارتی الزامات پر بھی منہ توڑ جواب دے رہے ہیں تیسرا ہم دنیا کے سامنے ہندوستان کے پاکستان میں مداخلت کو بھی دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سیکیورٹی کونسل کے صدر اور سیکرٹری جنرل سے ملاقات کر کے پاک بھارت موجودہ کشیدگی کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاکہ یہ غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ چائنہ سمیت بہت سے پاکستان کے ساتھ ہیں۔