خبرنامہ

پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو عالمی ادارے تسلیم کر رہے ہیں: : اسحٰق ڈار

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم نوازشریف اور عوام کو پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کئے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ بدھ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو عالمی ادارے تسلیم کر رہے ہیں ، دنیا کے بڑے ادارے بی ڈبلیو سی نے بھی حالیہ اپنی رپورٹ میں اس کا اعتراف کیا ہے۔ رپورٹ نے کہا ہے کہ پاکستان 2030تک20ویں بڑی معیشت بن جائے گی اور2050تک16ویں بڑی معیشت بن جائے گی۔ بلوم برگ نے بھی حالیہ رپورٹ میں تسلیم کیا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی نے پاکستان کی معیشت کو مثبت قدم کی جانب گامزن کردیا ہے اور رپورٹ کے تحت پاکستان میں مہنگائی کم ہو رہی ہے ، امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے زوردیا کہ عالمی اداروں کی رپورٹوں اور فیچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈیٹ ریٹنگ کو بہتر کرنا پاکستان کی معاشی ترقی کا ثبوت ہے ، ملک اب صحیح سمیت میں گامزن ہے اور موجودہ حکومت پائیدار اور اقتصادی ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔