لاہور (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی و دفاعی پیدا واررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی پالیسی امن کی ہے مگر بھارت کو منہ توڑ جواب دینا بھی جانتے ہیں ،مودی انتہاپسند ذہنیت رکھتا ہے ،بھارت کی جانب سے کوئی ایڈونچر کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے ،حکومت ملک میں صنعتی انقلاب لانے اور اسے مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے، اس سلسلہ میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور صنعت کاری کے بہت سی مراعات کا پہلے ہی آغاز کیا جا چکا ہے، ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی بہترین تبدیلیاں عالمی صنعتی انقلاب لانے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں جو کہ عوام کو معاشی اور سماجی طور پر بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیہاں ایڈ وانسڈ میٹریلز اینڈ ایمر جینگ ٹیکنالوجیز 2016شعبہ میٹلرجیکل ایند میٹریلز کے زیر اہتمام کانفرنس ہائیر ایجو کیشن کمیشن سوئی ناردرن گیس پائپ لائن اور پنجاب یونیورسٹی کے اشتراک سے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا تنویر حسین نے کہا کہ دنیا سے مقابلہ کرنے کیلئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ہر پہلومیں اپنی گرفت بنانا ہوگی، وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے بہت سے منصوبے کام کر رہے ہیں کیونکہ صنعتی سطح پر کامیابی توانائی کے بحران کے مسئلہ کی وجہ سے ممکن نہیں اور توانائی بہترین میٹریلز کے بغیر حاصل نہیں کی جا سکتی اسی لئے معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے اس شعبہ میں تحقیق کرنا ایک اہم موقع کی پیش رفت ہے،وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹریل سائنسز اینڈ انجینئرنگ معاشرے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے کیونکہ انجینئرنگ کی ابتداء خام مال سے ہی ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ میٹلرجیکل انجینئرنگ کا دائرہ کار بہت وسیع ہے یہ ا سٹرکچر، پراپرٹی، کارکردگی اور دیگر ایپلیکیشنز کے ساتھ کام کرتا ہے،اس حوالے سے تحقیق کو عملی مراحل میں تبدیل کرناایک بہت بڑا چیلنج ہے لیکن ایک دوسرے کے تجربوں اور مہارتوں سے مل کر کام کرنے سے یہ ہدف با آسانی حاصل کیا جاسکتا ہے ، کانفرنس کے آغاز میں چیئر مین ڈیپارٹمنٹ میٹلرجیکل اینڈ میٹریل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر اخلاق احمد ملک نے شرکاء کانفرنس اور اغراض و مقاصد کے حوالے سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ مختلف اہداف پر تحقیق اورترقی کے تناظر میں مشترکہ لائحہ عمل سے قابل اطلاق صنعتی حل تجاویز کیے جا سکیں،کانفرنس 110تحقیقی پرچہ جات اور مختلف موضوعات پر 12 مرکزی لیکچرزپر مشتمل ہے، واضح رہے کہ کانفرنس میں نامور محققین بیرون ممالک سے جن میں امریکہ، فرانس، ڈینمارک، متحدہ عرب امارات، ملائشیاء، کوریا سے میں شرکت کر رہے ہیں، افتتاحی تقریب کے اختتام پر ڈین فیکلٹی آف کیمیکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر ندیم فیروزاور وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کو شیلڈ پیش کی،کانفرنس( آج) بروز منگل 29نومبر کو اختتام پذیر ہوگی۔
خبرنامہ
پاکستان کی پالیسی امن کی ہے: رانا تنویر
