کراچی (ملت + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات کو مذید مستحکم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ وہ کراچی میں یوکرائن کے دفاع کے وزیر جنرل سٹیفن پولٹورک سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے جس میں دفاعی پیدوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، سیکریٹری دفاع جنرل (ر) سید محمد اویس اور پاکستان میں یوکرائن کے سفیر بھی شامل تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور یوکرائن کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوسکے۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کو فراہم کیے جانے والے تجارتی سازو سامان میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کر دیا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی،تعمیرات اور جہاز سازی کے شعبوں میں یوکرائن کی تکنیکی مہارتوں سے فائدہ حاصل کرنے کا خواہش مند ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کو باہمی تعاون اور تجارت میں اضافے کے لیے ویزے کی شرائط میں نرمی کرنی چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور یوکرائن کے درمیان تعلیم و تحقیق کے شعبوں میں مضبوط تعاون کی ضرورت ہے۔انھوں نے دونوں ممالک کو ثقافت کے فروغ، کھیل، انسانی وسائل کی ترقی اور لیبر کے تبادلے کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اس موقع پر یوکرائن کے دفاع کے وزیر جنرل سٹیفن پولٹورک نے کہا کہ وہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں پاکستان کی ترقی سے متاثر ہوئے ہیں اور پاکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند ہیں۔
خبرنامہ
پاکستان یوکرائن سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے: صدر
