اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کیلئے گیم چینجر ہے‘ سی پیک علاقائی ترقی کا اہم منصوبہ ہے‘ ماضی میں تعلیم پر مناسب سرمایہ کاری نہیں کی گئی‘ ملک کو اقتصادی طور پر کامیاب بنانے کے لئے تعلیم پر توجہ دے رہے ہیں‘ آج عالمی ادارے ملکی معاشی بحالی کے معترف ہیں‘ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ منگل کو چوتھی بزنس ایجوکیشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم نوجوانوں میں سماجی اور ذہنی نشو نما کا باعث ہوتی ہے۔ تعلیم کے بغیر معاشی اہداف حاصل نہیں کرسکتے۔ ماضی میں تعلیم پر مناسب سرمایہ کاری نہیں کی گئی ماضی میں ملک کی پیداواری ضرورت پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اقتصادی طور پر کامیاب بنانے کے لئے تعلیم پر توجہ دے رہے ہیں۔ 1999 میں وزیراعظم نواز شریف نے تعلیمی اصلاحات پیش کیں کسی ملک کی ترقی کے لئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہوتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2013ء تک ماضی کی حکومتوں نے ملکی برآمدات پر توجہ نہیں دی۔ توانائی کا شعبہ یکسر نظر انداز یا گیا جس سے صنعتیں بند ہوگئیں۔ توانائی کی کمی کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوب گیا۔ آج عالمی ادارے ملکی معاشی بحالی کے معترف ہیں۔ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو اقتصادی بحالی پر توجہ دی۔ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے باعث دنیا بھر مین تیز ترین تبدیلیاں آرہی ہیں۔ گلوبلائزیشن نے دنیا کو بالکل تبدیل کرکے رکھ دیا ہے سی پیک علاقائی ترقی کا اہم منصوبہ ہے پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے لئے گیم چینجر ہے۔
خبرنامہ
پاک چین اقتصادی راہداری خطے کیلئے گیم چینجر ہے: احسن اقبال
