پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کونسلز کا قیام قابلِ تحسین ہے،سرتاج عزیز
اسلام آباد(ملت آن لائن) پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے مابین شراکت کو فروغ دینے کے حوالہ سے سیکٹر سکل کونسلز کا قیام قابلِ تحسین ہے ۔ اس سے مستقبل میں ہنر مند نوجوانوں کے روزگار کے امکانات میں بہت اضافہ ہوگا ۔ یہ بات پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے گذشتہ روز نیوٹیک کے زیر اہتمام سیکٹر سکلز کونسلز کی افتتاحی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیکٹر سکلز کونسلز پاکستان کے ٹی ویٹ سیکٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ بیروزگاری ہمارے ملک کیلئے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کا واحد حل ہمارے نوجوانوں کو ہنرمند بناکر اپنے اور اپنے خاندان کی کفالت کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے نیوٹیک کے اس اقدام پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ سیکٹر سکلز کونسلز پبلک پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گی جس سے پڑھی لکھی ہنرمند افرادی قوت پیدا ہو گی اور ملکی انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فنی سیکٹر کے فروغ سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے، اگر یہ گورنمنٹ، انڈسٹری اور میڈیا کی ترجیح اول بن جائے تو ہمارے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ اس سیکٹر میں ہمارے ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ٹی ویٹ سیکٹر کے لئے ایک اسپیشل پیکیج متعارف کرائے اس سے ہماری معیشت میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ ہاسپیٹلٹی سیکٹر سکلز کونسل کی صدر عائشہ خان نے سیکٹر سکلز کونسلز کے قیام کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کا ٹیویٹ سیکٹر مزید توانا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان کے ٹیوٹ سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی طلب کے مدِنظر نئے رجحانات کا جائزہ لیا جائے گا اور جلد ٹورازم کے شعبہ کو بھی ہاسپیٹلٹی سیکٹر سکلز کونسل میں شامل کرلیا جائے گا۔ کنسٹرکشن سیکٹر سکلز کونسل کے صدر شاہد رفیق نے ذوالفقار احمد چیمہ کو اس اہم پیشرفت پر مباکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نیوٹیک کے زیر تربیت نوجوانوں کو اپنی انڈسٹری میں آن دی جاب ٹریننگ بھی فراہم کریں گے۔ اس سے انہیں سی پیک منصوبوں میں روزگار ملنے کے مواقع مزید روشن ہوں گے۔