پوری دنیا کوغربت، دہشت گردی سامنا ہے، ایاز صادق
وکٹوریہ (ملت آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پوری دنیا کو غربت، دہشت گردی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا ہے، بین الاقوامی برادری پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے ان مشترکہ مسائل کا حل تلاش کر سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات یہاں سیشلز کے دارالحکومت وکٹوریہ میں دولت مشترکہ سپیکرز کانفرنس کے 24 ویں افتتاحی اجلاس کے موقع پر کہی۔ کانفرنس میں 44 ممالک کے سپیکرز اور پریذائیڈنگ افسران شریک ہیں۔ کانفرنس کا افتتاح صدر سیشلز ڈینی مینٹر نے کیا۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے خطاب کہا کہ اجلاس میں شرکت کا مقصد ہمیں اپنی اپنی پارلیمانوں کے ذریعے خطہ کو درپیش عالمی مسائل سے نمٹنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو اس وقت غربت، دہشت گردی اور بے روزگاری جیسے مشترکہ مسائل کا سامنا ہے، ان مسائل کا حل ہم پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے تلاش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کی بدولت متعدد ممالک کے سپیکرز پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے دولت مشترکہ سپیکرز کانفرنس میں شریک سپیکر کو بتایا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ 88 فرینڈ شپ گروپ قائم کئے گئے ہیں جن کے ذریعے ان ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور دوستی کے رشتے کو مضبوط بنانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان فورمز کے ذریعے ہم ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے چین، ترکی، روس، برطانیہ، افغانستان، ایران، جرمنی اور دیگر ممالک کے ساتھ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے روابط اور اب تک ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق کانفرنس کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی دنیا کے دیگر ممالک سے شریک اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے۔