اسلام آباد: (ملت+آئی ا ین پی) وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سنیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پولیو سے نجات حاصل کرنا صحت کے شعبے میں حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں پچھلے سال بڑی کامیابیاں حاصل کی گئیں، وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں جہاں ہم نے معاشی اور توانائی کا بحران حل کرنے کے حوالے اور دہشتگردی پرقابو پانے کے ضمن میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں وہاں سماجی شعبے میں اہداف کے حصول کے لیے بڑے قدم اٹھائے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہم نے سال 2017 اس عزم کے ساتھ شروع کیا ہے کہ پولیو سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اور اس کے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں پولیو مہم جاری ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ پچھلے سال کے مقابلے میں کوششیں تیز کر دیں ۔ پرائم منسٹر کی فوکل پرسن نے بالخصوص والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے آپ کو اس مہم کا حصہ سمجھیں اور جب ہی پولیو ورکر ان کے گھر آئیں یا اس مہم کا اعلان ہو تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا ہر پانچ سال تک کا بچہ پولیو قطروں سے مستفید ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت ذمہ دار شہری یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ مہم کے دوران نہ کہ صرف اپنے بچوں کا خیال رکھیں بلکہ گرد و نواح ، عزیز رشتہ دار کے بچوں کے بارے میں بھی دریافت کریں کہ انہوں نے پولیو کے قطرے پی لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر پولیو کی مانیٹرنگ کا مربوط نظاب موجود ہے جس کے تحت پولیو مہم ملک کے کونے کونے سے ہر لمحہ معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
خبرنامہ
پولیو سے نجات، حکومت کی اولین ترجیح؛ عائشہ رضا
