اسلام آ باد (ملت + آ ئی این پی) وفاقی وزیر منصو بہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی آئی اے قومی ائیرلائن اور قومی اثاثہ ہے،پی آئی اے کی زبوں حالی پر پوری قوم کو تشویش ہے، خسارے کی وجوہات کا خاتمہ کرنا ضروری ہے۔پی آئی اے کی بحالی کے لئے دیانتدارانہ تجزیہ کرکے ٹھوس اقدامات اور اہم فیصلوں کی ضرورت ہے،قومی ائیرلائن کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،پی آئی اے کی بحالی کے لئے مربوط حکمت علی اور بزنس پلان کی ضرورت ہے،پی آئی اے میں بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے احتساب اور جزا اور سزا کا نظام مؤثر بنانے کی ضرورت ہے،ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کرنے اور ساکھ کی بحالی کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ جمعہ کو پی آئی اے میں اصلاحات کے لئے خصوصی کمیٹی کا چوتھا اجلاس وفاقی وزارت منصوبہ بندی میں ہوا۔اجلاس کی صدارت خصوصی کمیٹی کے چیئرمین وفاقی وزیر منصو بہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کی۔اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، پی آئی اے کے اعلی عہدیداران اور وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے وفاقی وزیر منصو بہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی آئی اے قومی ائیرلائن اور قومی اثاثہ ہے۔پی آئی اے کی زبوں حالی پر پوری قوم کو تشویش ہے۔سب چاہتے ہیں پی آئی اے دنیا کی بہترین ائیرلائن بنے۔خسارے سے نکلنے کے لئے اس کی بنیادی وجوہات اور اسباب کا جاننا ضروری ہے۔ہمارے خسارے کی وجوہات کا خاتمہ کرنا ہے۔
خبرنامہ
پی آئی اے قومی اثاثہ ہے،اس کی زبوں حالی پر پوری قوم کو تشویش ہے: احسن اقبال
