خبرنامہ

پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کا وزارت پانی و بجلی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار،تفصیلی بریفنگ طلب

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے وزارت پانی و بجلی کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اووبلنگ ،صارفین پر ناجائز جرمانے ،ٹرانسمیشن لائنوں کی عدم مرمت ،ٹرانسفر اور پوسٹنگ بارے 2 ہفتوں میں وزارت پانی و بجلی سے تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔کمیٹی میں نیب نے نو رینٹیئل پاور سے متعلق تحقیقات پر پیش رفت کی رپورٹ اجلاس میں پیش کر دی۔کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چیئر مین عاشق گوپانگ کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں ارکان کمیٹی ،وزارت پانی و بجلی ،نیب اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے2009-2010 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا،کمیٹی نے 10 کروڑ مالیت کے 5 ہزار دستانے کے ٹینڈرز کے معاملے کو نمٹا دیا گیا،چیئر مین کمیٹی نے کہا کہ جب قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی ہی نہیں ہوئی تو تحقیقات کس چیز کی کی جائے ۔اجلاس میں نیب نے نو رینٹیئل پاور سے متعلق تحقیقات پر پیش رفت کی رپورٹ اجلاس میں پیش کر دی۔رپورٹ میں کیا گیا ہے کہ نیب نے نو رینٹیئل پاور کے کیسوں میں تین ارب انسٹھ کروڑ بتیس لاکھ روپے کی ریکوری کی، نوڈیرو ون پاور پلانٹ سے 98 کروڑ باون لاکھ چوہتر ہزار کی ریکوری کی، ساہیوال ٹینکو ای پاور سے ستر کروڑ سولہ لاکھ سے زائد کی ریکوری کی، جینکو این پی جی سی این سے ایک کروڑ بیالیس لاکھ کی ریکوری کی۔رپورٹ میں مزیدبتایا گیا ہے کہ ٹینکو ای پاور سے ایک ارب اٹھائیس کروڑ کی ریکوری کی، گدو پاکستان پاور کمپنی سے چھ کروڑ بانوے لاکھ کی ریکوری کی، والٹرز پاور انٹرنیشنل چار کروڑ ستر لاکھ کی ریکوری کی،ریشماں پاور جنریشن سے اٹھائیس کروڑ کی ریکوری کی، گالف رینٹیئل پاور سے ساڑھے بائیس کروڑ کی ریکوری کی۔اجلاس میں چیئر مین کمیٹی عاشق گوپانگ نے وزارت پانی کی کارکردگی پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اوور بلنگ اور جرمانوں پر صارفین کو بہت شکایات ہیں ، ٹرانسمیشن لائنوں کی مرمت کا کوئی نظام نہیں بارش ہو جائے تو میٹرز جل جاتے ہیں، ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے معاملے میں کوئی پالیسی ہی نہیں ، مقامی شخص کی تعیناتی سے معاملہ سیاست کی نظر ہو جاتا ہے۔کمیٹی نے 2 ہفتوں میں وزارت پانی و بجلی سے تمام معاملات پر تفصیلی بریفنگ طلب کر لی۔