خبرنامہ

چین، پاکستان مثالی دوستی اورشراکت داری کی نئی تاریخ رقم

چین، پاکستان مثالی دوستی اورشراکت داری کی نئی تاریخ رقم

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان عالمی اور علاقائی سطح پربے مثال دوستی اورشراکت داری کی نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں۔ علم وادب اور فن وثقافت کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون چین اور پاکستان کے عوام کو مزید قریب لانے میں اہم ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں چین کے کلچرل قونصلراور چائنہ کلچرل سینٹر کے ڈائریکٹر مسٹریویی سے گفتگو میں کیا جنہوں نے منگل کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں مشیر وزیر اعظم ان سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے نئے سال کی آمد پر چین کی قیادت اور عوام کے لئے حکومت اور پاکستان کے عوام کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہاکہ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور چین کے میوزیمز اور ثقافت کے فروغ کے شعبہ میں باہمی تعاون کا سمجھوتہ مستحسن پیش رفت ہے۔ اس کے ذریعے علم وادب، فنون لطیفہ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت ملے گی۔عرفان صدیقی نے کہا کہ چینی اور اردو ادب کے باہمی ترجموں کے لیے ہمیں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔چینی کلچرل قونصلر اور چائنہ کلچرل سینٹر کے ڈائریکٹر مسٹریو یی نے نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ ہم مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کے دورہ چین کے منتظر ہیں جہاں بیجنگ میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ چین کے ماہرین فنی اور تکنیکی معاونت فراہم کرکے اسلام آباد میں قومی میوزیم کی تعمیر کے منصوبہ میں حصہ لیں گے۔ ملاقات میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق اور چینی سفارت خانہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔