خبرنامہ

ڈرون حملے روکنے کی صلاحیت موجود ہے، رانا تنویر

ڈرون حملے

ڈرون حملے روکنے کی صلاحیت موجود ہے، رانا تنویر

لاہور؛(ملت آن لائن) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ڈرون حملے روکنے کی صلاحیت موجود ہے، امریکہ پاکستان سے تعاون کریگا تو ہم بھی کریں گے، دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے جو کارکردگی پاکستان نے دکھائی اگر ہماری جگہ امریکہ ہوتا تو وہ کارکردگی نہ دکھا پاتا، دہشت گردی پر 90فیصد قابو پالیا ہے، وہ سوموار کے روز پاکستان کونسل فارسائنٹیفک اینڈ انڈسٹری ریسرچ سنٹر (پی سی ایس آئی آر)کے دورہ اور ادارے کی کارکردگی کی بریفنگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ افواج پاکستان اور حکومت بیرونی سازشوں سے بے خبر نہیں، دفاعی شعبہ میں 80فیصد اپنے وسائل پر انحصار کر رہے ہیں، پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو دنیا مانتی ہے، دفاعی شعبہ میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور جدید ترین جنگی طیارے متعارف کرائے، پاکستان جنگی طیارے ایف سولہ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کے حامل ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت نے اداروں کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کارکردگی میں بھی اضافہ کیا ہے، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تمام شعبہ جات میں میرٹ پر تقرریاں کی گئیں، ملک کی مجموعی صورتحال اس طرح مستحکم نہیں جس طرح محمد نواز شریف کے دور میں تھی، محمد نواز شریف کے دور میں حکومت تیزی سے معاشی ترقی کی طرف گامزن تھی، ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں جن سے ملک میں انتشار کی صورتحال پیدا ہوئی، وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی مخالفت اپنی جگہ لیکن پاکستان کی ترقی کیخلاف سازشیں نہیں ہونی چاہیں، ہمارے لئے چیف جسٹس اور عدالتیں محترم ہیں،انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان پر معاشی پابندیوں کا اثر نہیں پڑیگا، ماضی میں امریکہ نے جب بھی پاکستان پر پابندیاں لگائیں ان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، پاکستان ایک خود مختار ملک ہے امریکہ بھول جائے کہ پاکستان کے آپ کے ساتھ تعاون کرے گا، اگر امریکہ تعاون کرے گا تو ہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پر ڈرون حملے قابل قبول نہیں، دہشت گردوں کی نشاندہی پر پاکستان کو بتایا جائے ہم خود ان کا قلع قمع کریں گے، رانا تنویر حسین نے بتایا کہ جب انہوں نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا چارج سنبھا لا تو پی سی ایس آئی آر مکمل ناکام ادارہ تھا ،اب ادارے کی کارکردگی بہت بہتر ہوئی ہے اور یہ ادارہ صنعتوں کے مسائل حل کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر جاننے میں میرٹ کا بڑا عمل دخل ہے، (ن) لیگ کی حکومت نے تمام تقرریاں میرٹ پر کیں جن کے نتائج ہم سب کے سامنے ہیں،ملک میں امن و امان کی صورتحال، معیشت کی بحالی، بجلی کی پیداوار میں 1100میگاواٹ کا اضافہ اور دیگر کئی شعبہ جات میں پاکستان کافی آگے بڑھ چکا ہے۔