خبرنامہ

ڈیفنس اسٹڈیز ایک اہم اور حساس شعبہ ہے

معاشرے کی اصلاح

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ڈیفنس اسٹڈیز ایک اہم اور حساس شعبہ ہے جس کی تعلیم کے لیے خصوصی مہارت کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اہم خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ وہ منگل کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔صدر مملکت نے تعلیمی میدان میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی کارکردگی کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ ادارے کی فیکلٹی کو مزید مستحکم بنایا جائے۔ انھوں نے این ڈی یو کی سینیٹ سے سبکدوش ہونے والے ارکان کی خدمات کو سراہا اور کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹر جنید زیدی اور جناح وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر سمیت چھ نئے ارکان کا خیر مقدم گیا گیا۔ سینیٹ نے یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ بجٹ کی موجودہ صورت حال کو بہتر بنایا جائے اور یونیورسٹی اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے خود کفالت حاصل کرے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے اس موقع پر یقین دلایا کہ ان کا ادارہ یونیورسٹی کی معاونت جاری رکھے گا۔