کراچی: (ملت+آئی این پی)وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ،وزیراعظم آزادی صحافت کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں چوہدری نثار کا بہت اہم کردار ہے، حکومت انٹرٹینمنٹ پروڈکشن پر ٹیکس پر چھوٹ دے رہی ہے،ٹیلنٹ کی تربیت پر بھی توجہ دے رہے ہیں،سنسنر کے حوالے سے قانون سازی کرنے سے متعلق مشاورت کرینگے،حکومت فلمی صنعت کی بحالی کیلئے توجہ دے رہی ہے۔وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔وہ ہفتہ کو مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی آپریشن کی تمام سیاسی پارٹیوں نے حمایت کی ،نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے حکومت نے مشاورت کی ،چوہدری نثار وزیراعظم کے وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں،دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں بھی چوہدری نثار کا بہت اہم کردار ہے،وزیرداخلہ کے اقدامات کی ہر سطح پر حمایت کی جانی چاہیے۔وزیرمملکت اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم ہمیشہ سے آزادی صحافت کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں۔اس سے پہلے مریم اورنگزیب نے مزار قائد پر حاضری کے دوران مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے،مریم اورنگزیب کو مزار قائد کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔قبل ازیں ایف پی سی سی آئی کے تعاون سے 2روزہ انٹرٹینمنٹ اینڈ پروڈکشن کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ انٹرٹینمنٹ کی صنعت کو ترقی دینے کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور کیا،پاکستان کی انٹرٹینمنٹ صنعت کسی بھی غیر ملکی سرمایہ کاری سے منسلک نہیں،وزیراعظم آرٹ،ثقافت اور فلم انڈسٹری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزارت اطلاعات حکومت اور انٹرٹینمنٹ کی صنعت میں پل کا کردار ادا کرے گی،حکومت انٹرٹینمنٹ پروڈکشن پر ٹیکس پر چھوٹ دے رہی ہے۔وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ ٹیلنٹ کی تربیت پر بھی توجہ دے رہے ہیں،18ویں ترمیم کے تحت فلموں کو سنسنر کرنے کا اختیار صوبوں کے پاس ہے،سنسنر کے حوالے سے قانون سازی کرنے سے متعلق مشاورت کریں گے،حکومت فلمی صنعت کی بحالی کیلئے توجہ دے رہی ہے۔(خ م)