خبرنامہ

کراچی ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان

اسلام آباد (ملت + آئی این پی )وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے 5،5 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 5،5 لاکھ روپے فی کس امداد دینے کا اعلان کردیا ۔ان کا کہنا ہے کہ حادثہ کی ابتدائی تحقیقات 72 گھنٹے اور تفصیلی تحقیقات 10 روز میں مکمل کرلی جائیں گی۔ کراچی میں ہونے والے ٹرین حادثہ پرخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور تاحال لا پتہ ہیں۔ ریڈ سگنل پر رکنے کی بجائے زکریا ایکسپریس کے ڈرائیور نے پہلے سے کھڑی فرید ایکسپریس کو ہٹ کیا، ڈرائیور تجربہ کار تھا سگنل کیوں نظر انداز کیے گیے جلد معلوم ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ غیر ذمہ دار اہلکاروں کی غفلت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور محکمہ کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔