خبرنامہ

کسی کو ملک بند نہیں کرنے دیں گے،عابد شیرعلی

فیصل آباد( ملت+آئی این پی ) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی نے کہاہے کہ کسی کو ملک بند نہیں کرنے دیں گے۔ ہماری ترجیح اس وقت دھرنے کی بجائے قیام امن ہے۔ فیصل آباد میں سی پی او افضال احمد کے ساتھ مرکزی امام بارگاہ عزاخانہ شبیر اور دھوبی گھاٹ خیمہ بستی کے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی کا کہنا تھا ملک کو سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی ہے۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ دھرنے والے ملک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن دھرنا ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔ ملک چلنے کے لئے ہوتے ہیں ، بند ہونے کے لئے نہیں۔ کسی کو بھی ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ کسی بھی تخریب کاری یا بد امنی سے نمٹنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ہائی الرٹ ہے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مزید نفری تعینات کی گئی ہے۔ عابد شیرعلی کا کہنا تھا دعا ہے کہ محرم الحرام خیریت سے گزر جائے۔