خبرنامہ

کشمیری عوام کے خلاف انسانیت اوراخلاقیات سے گرے ہوئے ظالمانہ ہتھکنڈے بھارتی فوج کا وطیرہ بن چکے ہیں

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی پرُ تشدد کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ستر سال سے جاری مقبوضہ کشمیر کی وادی میں بھارتی ظلم و تشدد تھمنے کو نہیں آ رہا اور ہرگزرتے دن کے ساتھ اس کی شدت اور نوعیت میں اور زیادہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے نہتے مظلوم عوام کی عزت النفس کو روزانہ مجروح کرتے ہوئے انسانیت اور اخلاقیات سے گرے ہوئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جن کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئے دن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصب فوج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم اور اخلاقیات سے گری ہوئی کاروائیوں کی خبریں اور تصاویر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ضمیر کوجگانے کے لیے کافی ہیں جو کہ افسوس کے ساتھ اس تمام تر ظلم و تشددسے چشم پوشی اختیار کیے بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کبھی کشمیری نوجوانوں کو فوجی جیپ کے آگے باندھ کر ہت آمیز انداز سے ڈھال کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے اور کبھی اُن کو سرعام چوک ، چوراہوں پر پیلٹ گن اور دیگر ہتھکنڈوں سے شدید ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا تا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ شرمناک واقعات میں بھارت نے خواتین کے کالج کا گھیراؤ کر کے وہاں طلباء وطالبات کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت اور سیکورلیزم کا علمبردار بھارت کا سیاہ چہرہ پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں اور خود بھارت کے اندر اقلیتوں کے ساتھ جو ہتک آمیزرویے میں آئے روز شدت آ رہی ہے اُس سے اِس پورے خطے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جانب بھارت کی جانب سے پاکستان میں تخریبی کاروائیوں میں براہ راست مداخلت بھار ت کی اُس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ جس کے تحت اُس نے قیام پاکستان سے اب تک کبھی پاکستان کو تہہ دل سے تسلیم نہیں کیا،یہی وجہ ہے کہ بھارت آج بھی کلبھوشن یادیو جیسے ایجنٹس کے ذریعے پاکستان کوغیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ اچھی طرح جان لینا چائیے کہ وہ ستر سال سے زائد عرصہ گزرنے اورظالمانہ ہتھکنڈوں اور درجنوں کالے قوانین کے سہارے کے باوجود کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے جذبے کو کم نہیں کرسکا ہے اور نہ ہی بھارت ان ہتھکنڈوں سے آزاد کشمیر کے عوام اور پاکستان کے عوام کے اُس عزم کو کمزور کر سکتا ہے کہ جس کے تحت آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے نہتے مظلوم بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں اور ان کی ہر قسم کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید پامالی کے خلاف آواز دُنیا کے ہر فورم پر اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ چکا ہے کہ عالمی برادری ، مسلم اُمہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں 70 سال سے جاری ظلم وتشدد کا نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت کے پیدائشی حق دلوانے کے لیے اپنا مثبت اور فعال کردار ادا کریں۔