سانگلہ ہل(ملت + آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ترقی کوروکناچاہتے ہیں پر ترقی رکے گی نہیں،عوام ترقی روکنے والوں کی مدد نہیں کریں گے، خیبرپختونخوامیں پراناپاکستان اپنی جگہ پرموجودہے،ماضی کی حکومتیں تو حاجیوں کے پیسے لوٹتی تھیں، ہم ریلوے کو ٹھیک کررہے ہیں،پی آئی اے کو بہترکررہے ہیں، انشااللہ 2018تک لوڈشیڈنگ ختم ہوجائیگی،مخالفین نہیں چاہتے کہ لوڈشیڈنگ ختم ہو،عوام کوان لوگوں سے پوچھناچاہیے جنہوں نے لوڈشیڈنگ کی لعنت کوجنم دیا،آج سے3 سال پہلے بجلی نہ ہونے کے برابر تھی،دنیا اعتراف کرتی ہے کہ پاکستان ترقی کی بلندیوں کو چھو رہا ہے، تین سال پہلے والے پاکستان اور آج کے پاکستان میں بہت فرق ہے، سانگلہ کے عوام کوسوئی گیس کاتحفہ دیتے ہیں،جتنے پیسے لگیں گے لگائیں گے۔ و ہ جمعہ کو پنڈی بھٹیاں،فیصل آباد موٹروے پر سانگلہ ہل انٹرچینج کا افتتاح کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعظم نوازشریف کے پنڈال پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے ہاتھ ہلا کر حاضرین کے نعروں کا جواب دیا۔وزیراعظم کی آمد پر کارکنوں اور عوام نے دیکھو دیکھو کون آیا،شیر آیا،شیر آیا کے نعرے لگائے گئے۔اس موقع پر وزیراعظم محمد نوازشریف عوامی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔نوازشریف نے عوام کے نعروں کا جواب ہاتھ ہلا کر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنڈال میں موجود عوام میرے شیر ہیں،2013میں سانگلہ ہل کی عوام سے انٹرچینج کا وعدہ کیا تھا،نوازشریف جو وعدہ کرتا ہے ہمیشہ پورا کرتا ہے۔وزیراعظم نے سانگلہ ہل کیلئے سوئی گیس کی فراہمی کا اعلان کیا،سانگلہ ہل کے عوام نوازشریف سے محبت کرتے ہیں۔نوازشریف نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے،موٹرویز اور شاہراہیں تعمیر ہورہی ہیں، 2018تک ملک سے لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی،عوام کو لوڈشیڈنگ پیدا کرنے والوں سے جواب طلب کرنا چاہیے،یہ عناصر چاہتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ ختم ہو اور بجلی سستی نہ ہو،ترقی اور خوشحالی ہمارا ایجنڈا ہے،اس کے مخالف ناکام ہوں گے،لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ سستی بجلی کی فراہمی ہماری ترجیح ہے،سستی بجلی سے زرعی اور صنعتی شعبے یکساں مستفید ہوں گے،اقتصادی راہداری منصوبے سے نیا دور شروع ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کا نیا دور شروع ہورہا ہے،نیا پاکستان کوئی اور نہیں ہم بنا رہے ہیں ،ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ہم نے کیا،کراچی میں امن و امان کی بہتری ہمارے دور میں ہوئی ہے،دنیا پاکستان کے ترقی کے سفر کا اعتراف کرتی ہے،موٹرویز اور شاہراہوں کی تعمیر سے مسافتیں کم ہورہی ہیں،ترقی کا سفر جاری رہا تو ہر شعبہ زندگی میں تبدیلی آئے گی اور انشاء اللہ سانگلہ ہل میں یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔نوازشریف نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ ماضی میں توانائی کا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا،لاہور اسلام آباد موٹرویز ہم نے بنائی،ہم نے آکر اس سلسلے کو دوبارہ شروع کیا ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ کراچی سے لاہور موٹروے پر کام جاری ہے،پی آئی اے ،ریلوے سمیت اداروں کی بحالی کا عمل جاری ہے،حاجی بھی بہترین انتظامات پر خوش ہیں اور ماضی کی حکومتیں تو حاجیوں کے پیسوں تک لوٹ کر کھا جاتے تھے،ملک میں تعلیمی ادارے اور ہسپتال تعمیر ہورہے ہیں،سانگلہ ہل،فیصل آباد انڈرپاس کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ننکانہ صاحب میں 250بستروں پر مشتمل ہسپتال کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائیگا۔وزیراعظم نوازشریف نے فیصل آباد،ساہیانوالہ ایکسپریس وے کی تعمیر کا اعلان کیا ہے اور فیصل آباد ساہیانوالہ ایکسپریس وے کو سانگلہ ہل تک توسیع دی جائے گی۔نوازشریف نے قومی اسمبلی این اے 103کے دیہاتوں کو سوئی گیس دینے کا اعلان کیا،فیصل آباد،ساہیانوالہ ایکسپریس وے کو سانگلہ ہل تک توسیع دی جائے گی۔وزیراعظم نے سانگلہ ہل انٹرچینج سے ٹبہ شاہ بلوچ تک سڑک کو دورویہ کرنے کا اعلان کیا۔اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے پنڈی بھٹیاں،فیصل آباد موٹروے پر سانگلہ ہل انٹرچینج کا افتتاح کردیا،انٹرچینج لاکھوں عوا م کو انٹرچینج لاکھوں عوام کو لاہور،اسلام آباد اور سرگودھا تک آسان رسائی دے گا،سانگلہ ہل انٹرچینج پر 2ٹول پلازے جن کی لمبائی3.7کلومیٹر ہے اور منصوبے کی تعمیر پر 29کروڑ92لاکھ روپے لاگت آئی ہے،سانگلہ ہل کے مقام پر انٹرچینج کی تعمیر مقامی آبادی کا دیرینہ مطالبہ تھا۔
خبرنامہ
کچھ لوگ ترقی روکناچاہتے ہیں، عوام ترقی روکنے والوں کی مدد نہیں کریں گے: نواز شریف
