خبرنامہ

کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے امکانات سے متعلق اہم نکات کی نشاندہی

اسلام آباد (ملت + آئی این پی)پاکستان سپر لیگ سپاٹ فکسنگ معاملے پر ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو پیش کر دی گئی ‘ رپورٹ میں کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے امکانات سے متعلق اہم نکات کی نشاندہی کی گئی ہے ‘ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملہ بدعنوانی کا ہی نہیں ملک کی نیک نامی کا ہے ۔ تحقیقات ضروری ہیں۔ جمعہ کو پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ معاملے پر ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو پیش کی گئی۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کو دی گئی معلومات اور شواہد کا فرانزک جائزہ لیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کے موبائل فونز سے پیغامات مٹانے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کسی دباؤ کے بغیر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔ معاملہ بدعنوانی کا ہی نہیں ملک کی نیک نامی کا ہے اس لئے تحقیقات ضروری ہیں۔ ۔۔۔(را نا)