خبرنامہ

گوادر بندرگاہ پر نئی گودی ایک سال کے اندر تعمیر کی جائے گی،چوہدری جعفر اقبال

گوادر بندرگاہ پر نئی گودی ایک سال کے اندر تعمیر کی جائے گی،چوہدری جعفر اقبال

اسلام آباد(ملت آن لائن) بندرگاہوں و جہاز رانی کے وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ پر ایک نئی گودی ایک سال کے اندر تعمیر کی جائے گی جہاں تین اضافی بڑے بحری جہازوں کو لنگر انداز کرایا جا سکے گا۔ یہاں ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 900 میٹر طویل یہ گودی بحری جہازوں میں سامان لادنے اور خالی کرنے کے لئے گوادر کی ساحلی پٹی سے بحیرہ ء عرب میں عمودی سمت سہولت فراہم کرے گی۔ جعفر اقبال نے کہا کہ گوادر بندرگاہ پہلے ہی فعال ہو چکی ہے اور بحری جہازوں کی ٹرانس شپنگ اور ری سٹفنگ کا عمل پہلے سے ہی شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں زیرو پوائنٹ سے کوسٹل ہائی وے تک 15 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر جاری ہے جس کے ساتھ ساتھ ریلوے پٹڑی بھی بچھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر 1200 میٹر طویل ایئر سٹرپ کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہو جائے گی جس پر اے 380 سمیت بڑے ہوائی جہازوں کو لینڈنگ کی اجازت ہوگی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کوئلے سے توانائی کا پلانٹ بھی ایک سال کے عرصہ میں قائم کیا جائے گا جو صنعتی زون کو بجلی فراہم کرے گا۔ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین خان جمالدینی نے اے پی پی کو بتایا کہ گوادر میں ترقی سمارٹ پورٹ سٹی کے قیام کے وژن کے مطابق یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایکسپو 2018ء پورٹ سٹی کی کمرشلائزیشن اور انڈسٹرلائزیشن کی جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے بھرپور ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ نمائش میں 86 بڑی کمپنیوں کی جانب سے 126 سٹال قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ایران کی چاہ بہار بندرگاہ اور گوادر بندرگاہ کو جڑواں بندرگاہیں قرار دیئے جانے کے بعد ایک ایرانی وفد بھی متعدد دیگر ممالک سے نمائندوں کے ہمراہ اس بڑی تقریب میں شرکت کے لئے پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی چین کی اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے ہمراہ ٹرمینل آپریشنز اور فری زون کا انتظام چلا رہا ہے جسے حکومت سے حکومت کی سطح پر ریونیو شیئرنگ فارمولہ کے تحت آؤٹ سورس کیا گیا ہے۔