لاہور (ملت + آئی این پی) وزارتِ مذہبی امور نے گورنمنٹ سکیم کے تحت جانے والے تمام عازمین حج کو مدینہ منورہ میں قیام کے دوران مسجد نبوی ؐکے قریبی علاقے مرکزیہ میں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں وہ آٹھ سے نو دن قیام کریں گے تاکہ مسجد نبویؐ میں چالیس فرض نمازوں کی ادائیگی کی سعادت حاصل کر سکیں گے ۔ وزارت نے اس مقصد کے لئے سعودی اداروں سے رجسٹرڈ عمارت مالکان سے براہ راست اظہار دلچسپی طلب کر لئے ہیں اور ایجنٹوں اورمڈل مین کی طرف سے اس سلسلے میں درخواستیں دینے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ پاکستان حج آفس جد ہ ان عمارات مالکان سے 27مارچ تک درخواستیں وصول کر ے گا۔ وزارت مذہبی امور کی ہائیرنگ کمیٹی ان پیشکشوں کا جائزہ لے گی ۔دریں اثناء وزارت مذہبی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ حج کے لئے جدہ یا مدینہ ایئرپورٹ پہنچنے والے گورنمنٹ حج سکیم کے عازمین کی سنیکس(Snacks) سے تواضع کی جائے گی ۔ وزارت مذہبی امور نے اس مقصد کے لئے سعودی عرب کے متعلقہ اداروں کے ساتھ رجسٹرڈ کیٹرنگ کمپنیوں سے 15مارچ تک پیشکشیں طلب کر لی ہیں۔ حاجیوں کو اس موقع پر پنیر کے سینڈ وچ ‘ڈبوں میں بند جو س ‘کھجوریں ‘ بسکٹ ‘منرل واٹر اور گیلے ٹشو پیپرمہیا کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں مناسک حج کی ادائیگی کے دوران مزدلفہ میں کھلے آسمان تک رات گزارنے کے لئے حاجیوں کو چٹائیاں‘جائے نماز ‘کمبل اور ہوا بھرنے والے تکیے مہیا کرنے کے لئے بھی وزارت نے ضروری انتظامات شروع کر دیئے ہیں۔
خبرنامہ
گورنمنٹ سکیم کے تمام حاجیوں کو مدینہ میں مسجد نبوی ؐکے قریب ٹھہرایا جائے گا
