اسلام آباد ۔ (ملت آن لائن) وزارت توانائی پیٹرولئیم ڈویژن کے وفد اورروسی ماہرین توانائی کے درمیان ماسکو میں حالیہ کامیاب مذاکرات کے بعد روس کی تیل وگیس کمپنی گیزپروم انٹرنیشنل نے 10 ارب ڈالر مالیت کے آف شور گیس پائپ لائن بچھانے کی فیزایبلٹی سٹڈی کیلئے تمام ترانتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔انٹرگیس سسٹمز(پرائیوٹ) لیمیٹڈ(آئی ایس جی ایس ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹرمبین صولت نے اے پی پی کو بتایا کہ ماسکو میں حالیہ اجلاس کے دوران فریقین نے مستقبل میں تعاون کیلئے شعبوں کے انتخاب، توانائی بالخصوص تیل وگیس کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے اور10 ارب ڈالر مالیت کے آف شور گیس پائپ لائن کی فیزایبلٹی کو شروع کرنے پر اتفاق کیاہے۔انہوں نے کہاکہ فیز ایبلٹی سٹڈی میں ابتدائی، تکنیکی ومالیاتی اشاریوں کے علاوہ پائپ لائن کے روٹ، فراہم شدہ گیس کے حجم اوراس حوالے سے تمام معلومات شامل ہوں گی ، فیزایبلٹی سٹڈی ایک سال کے عرصہ میں مکمل ہونے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ روسی کمپنی گیس مشرق وسطیٰ کے آئل فیلڈز سے فراہم کرے گی جس سے علاقائی رابطوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا، یہ دونوں ممالک کے درمیان کامیاب بات چیت کے بعد پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت ہے۔گیس پروم کے ذریعے ترسیل شدہ گیس کو جنوبی ایشیاء کے ممالک تک فراہمی کے امکانات بھی ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پائپ لائن منصوبہ میں مربوط طرزعمل کو اپنایا گیاہے، پراجیکٹ میں ضمنی منصوبہ جات جیسے انڈرگراونڈ گیس سٹوریج، ڈی سیلینیشن اوربجلی کے منصوبے بھی شامل ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ فریقین نے اس بات کا اعتراف کیاہے کہ اس منصوبہ سے دونوں فریقوں کو فوائد حاصل ہوں گے، یہ معاہدہ مشترکہ ورکنگ گروپ پر منتج ہوگا، یہ گروپ ہر چارماہ بعد پاکستان اورروس میں منصوبہ کا جائزہ لے گا۔
خبرنامہ
گیزپروم انٹرنیشنل نے10ارب ڈالرمالیت کےآف شورگیس پائپ لائن بچھانےکی فیزایبلٹی سٹڈی کیلئےتمام ترانتظامات کوحتمی شکل دیدی،انٹرگیس سسٹمز لیمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹرمبین صولت کی ’’ملت‘‘ سے گفتگو
