اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات سے متعلقہ کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا تاہم ریکوری کے حوالے سے جن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں وہ چار ماہ میں مکمل کی جائیں گی۔جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا کہ ریکوری کے حوالے سے جن جن کیسز کی تحقیقات محکمہ کے پاس ہیں وہ چار ماہ کے اندر مکمل کی جائیں گی۔ بعض محکموں سے ریکوری بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہماری وزارت سے متعلق کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ عدالت کے حکم کے مطابق الاٹمنٹ کی جارہی ہے اس میں ہماری اپنی مرضی کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی میں کل 67 تحقیقات ہیں جن میں سے 32 مقدمات نیب کے پاس‘ 22 ایف آئی اے میں اور ای اینڈ ڈی قواعد 1973ء کے تحت 13 مقدمات ہیں۔ سٹیٹ آفس انتظامیہ میں بدعنوانی کی تین انکوائریاں ہیں۔
خبرنامہ
ہاؤسنگ و تعمیرات: کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا: درانی
