اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن کو جمعرات کو برطانوی ہاؤس آف کامنز کے سپیکر جان برکو نے سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈ سے نوازاہ۔ سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈ ایک بین الاقوامی ایوارڈ ہے جو ایک ایسی شخصیت کو دیا جاتا ہے جو اپنی قیادت اور ذاتی ہمت و حوصلے کے ذریعے جمہوری معاشرے کی ترقی میں بہترین کردار ادا کرے۔ یہ ایوارڈ ایسی شخصیت کی خدمات کو بھی سراہتا ہے جووسیع معنوں میں جمہوری ترقی کیلئے انسانی حقوق، آزادی رائے، قانون کی حکمرانی، شفافیت اور کرپشن کیخلاف مہمات سمیت ملکی مفاد سے متعلق کسی بھی پہلو کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں مثبت کردار ادا کرے۔ محترمہ ماروی میمن کو الیکس سالمنڈ نے اس عظیم ایوارڈ کیلئے نامزد کیا اور پوری دنیا کی بہترین نامزد شخصیات کیساتھ ایک مشکل مقابلے میں انہوں نے یہ ایوارڈ جیتا۔ججوں نے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت 5.3ملین خواتین کو بااختیار بناتے ہوئے انہیں سہ ماہی بنیادوں پرغیر مشروط مالی معاونت فراہم کرنے پر ماروی میمن کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔ پینل نے غربت سے مقابلہ کرنے اور دیہاتی علاقوں میں بچوں کی خوراک کے حوالے سے عمدہ خدمات پیش کرنے پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی تعریف کی۔ پاکستان میں صنفی مساوات اور جمہوری مفادات کی اہمیت اجاگر کرنے پر بھی محترمہ ماروی میمن کے کردار کو سراہا گیا۔ بی آئی ایس پی پاکستان کا فلیگ شپ سوشل سیفٹی نیٹ ہے جس نے پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام میں اصلاحات کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بی آئی ایس پی کی بدولت غربت کی شرح میں 7%، پاورٹی گیپ میں 3%کمی رونما ہوئی ہے اور پرائمری سکولوں میں بچوں کے اندراج پر مثبت اور اہم اثرات مرتب ہوئے۔ خواتین کی بااختیاری میں بی آئی ایس پی کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بی آئی ایس پی کی وجہ سے لاکھوں خواتین نے شناختی کارڈ بنوائے جس کی بدولت خواتین اپنے سیاسی اورووٹ ڈالنے کے حقوق استعمال کرنے کے قابل ہوئیں۔ بی آئی ایس پی خواتین کو ان کے خاندانوں میں سربراہ کے طور پر اہمیت دیتا ہے جس سے خاندانی فیصلہ سازی میں انکے کردار میں اضافہ ہوا ہے اور 76%خواتین کو بی آئی ایس پی کے وظائف پر اختیار حاصل ہے۔
خبرنامہ
ہاؤس آف کامنز نے ماروی میمن کو سپیکر ز ڈیموکریسی ایوارڈ سے نوازا
