ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فنڈز میں 3 گنا اضافہ کیا ہے، رانا محمد افضل خان
کراچی(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے فنانس اینڈ اکنامک افیئرز رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فنڈز میں 3 گنا اضافہ کیا ہے جس کو مزید بڑھایا جائے گا، این ای ڈی یونیورسٹی ملک کا بہترین ادارہ ہے، ہمارے ہاں سرکاری ملازمت کو ترجح دی جاتی ہے جبکہ بیرون ملک میں پرائیویٹ سیکٹر کو پرکشش سمجھا جاتا ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن ہر سال 11 ہزار 500 طالب علموں کو انٹرنیشنل اسکالر شپ پر تعلیم کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز این ای ڈی یونیورسٹی میں’’ انٹر نیشنل کانفرنس آن ایمرجنگ ٹرینڈز ان ٹیلی کام اینڈ الیکٹرونک انجیئنرنگ ‘‘ کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ رانا محمد افضل خان نے کہا کہ موجودہ حکومت جب برسراقتدار آئی تو اس نے دیگر مسائل حل کرنے کے ساتھ تعلیم کے شعبہ کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال کے دوران ایچ سی کے فنڈز میں 3 گنا اضافہ کیا گیا اور اس کو 35 ارب سے 108 ارب تک بڑھایا گیا ہے اور ہم اس میں مزید اضافہ کرنے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی 11500 قابل اور ذہین طالب علموں کو دنیا کے بہترین جامعات میں پڑھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ پر ابھی تک کوئی تجویز زیرغور نہیں آئی اور نہ ہی اس پر کوئی بحث کی گئی ہے البتہ ہمارے ملک میں سرکاری ملازمت کے حصول کو ترجیح دی جاتی ہے جبکہ بیرونی ملک پراؤیٹ سیکٹر کو پرکشش سمجھا جاتا ہے کیونکہ وہاں پر تنخواہ زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرائیویٹ سیکٹر میں موثر حکمت عملی کے تحت جان ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ یہاں پر روزگار کے موقع زیادہ پیدا ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی ملک کا بہترین ادارہ ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں نے یہاں سے تعلیم حاصل کی اور یہ یونیورسٹی 2021 ء میں سو سالہ جشن کی تقریبات منانے جا رہی ہے ۔ رانا محمد افضل نے اپنی نجی زندگی کے بارے میں بتایا کے میں نے 1971ء میں این اے ڈی سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اس موقع پر این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ ہمارے ادارے کا شمار نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیاء کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طالبعلم ملک کے سفیر ہیں ہم ان کو بہترین تعلیم دینے کے ساتھ تربیت پر بھی توجہ دیتے ہے۔ تقریب سے یونیورسٹی ملائیشیاء پرلس کے ڈپٹی وائس چانسلر اودا بن ہاشم نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی کے طرف سے مہمانوں میں شیلڈ اور انعامات پیش کئے گئے۔